پی ایس ایل چیمپئن کو اب کس چیز کا انتظار؟

March 03, 2022

پاکستان سپر لیگ کے ساتویںایڈیشن میں لاہور قلندرز کی پہلی بار کپتانی کر کے اسے ٹائٹل جتوانے والے شاہین شاہ آفریدی سے اب آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترنے کا انتظار نہیںہو پارہا۔

فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے ٹوئٹر پر میچ پریکٹس کی کچھ تصاویر شیئر کیں اور اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کو تاریخی قرار دیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان سیریز کے لیے سابق کرکٹرز اور انٹرنیشنل کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، جس میں انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس شامل ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے راولپنڈی میںشروع ہورہا ہے، جس کے بعد دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں 12 مارچ اور تیسرا لاہور میں 21 مارچ سے شیڈول ہے۔