یوکرین میں خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں: پوپ فرانسس

March 07, 2022

یوکرین کی صورتحال پر عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہیوکرین میں خون کی ندیاں بہہ رہی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پوپ فرانسس نے اپنے ایک بیان میں یوکرین پر روس کے حملے کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

پوپ فرانسس نے کہا کہ یوکرین میں خون اور آنسوؤں کی ندیاں بہہ رہی ہیں، یہ صرف ایک فوجی آپریشن نہیں ہے بلکہ ایک جنگ ہے جو موت، تباہی اور غربت لاتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یوکرین میں انسانی امداد کی ضرورت ہر وقت بڑھ رہی ہے، جنگ پاگل پن ہے، براہِ کرم روکو۔

دوسری جانب یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب علاقہ ارپن میں روسی افواج کے حملوں اور شیلنگ سے 3 شہری ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک پل بھی تباہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی افواج کی پیش قدمی روکنے کیلئے یوکرین آرمی نے ارپن اور بوجا دریاؤں کے پل تباہ کر دیئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں شہریوں کا ارپن کے علاقے سے انخلاء جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ روسی حملے کے بعد سے اب تک یوکرین سے 10 لاکھ سے زیادہ پناہ گزین پولینڈ میں داخل ہو چکے ہیں۔