علی زیدی نے نواز شریف کو’مسنگ پرسن‘ کہہ کر معافی مانگ لی

March 28, 2022

فائل فوٹو

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے لاپتا افراد کے سنگین معاملے کو اپوزیشن پر طنزیہ استعمال کرنے پر معافی مانگ لی۔

وفاقی وزیر نے مریم نواز اور حمزہ شہباز کی ایک تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاپتا افراد کے اہلِ خانہ ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر آگئے ہیں۔

علی زیدی کی جانب سے جاری تصویر مسلم لیگ (ن) کی لاہور سےاسلام آباد کے لیے نکلنے والی ریلی کی تھی۔

تصویر میں مریم نواز ہاتھ میں نواز شریف کی تصویر تھامے حمزہ شہباز کے ہمراہ ایک ٹرک پر سوار نظر آرہی تھیں۔

وفاقی وزیر کو لاپتا افراد جیسے سنجیدہ مسئلے کو بطور طنز استعمال کرنے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

شیریں مزاری نے وفاقی وزیر کے اس ٹوئٹ پر گمنام تبصرہ کیا تھا ۔

بعد ازاں علی زیدی نے اپنی ٹوئٹ میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر میری پوسٹ سے جبری گمشدگی کے شکار کسی فرد کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کوئی غیر قانونی حراست نہیں ہوئی، درحقیقت، میں نے ذاتی طور پر پچھلی حکومتوں کے دوران لاپتہ ہونے والے سو سے زائد افراد کی بازیابی میں مدد کی۔

وزارت انسانی حقوق نے اس غیر قانونی عمل کے خلاف قانون سازی کی ہے۔