حب ریلی میں پہلی بار 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی شرکت

March 28, 2022

بلوچستان کے ریگستان میں ہونے والی حب ریلی میں چیف آرگنائزر شجاعت شیروانی نے پہلی بار ویٹرنز کیٹگری معتارف کرائی تو کئی دلچسپ لمحات بھی دیکھنے کو آئے، ویٹرنز کیٹگری میں 60 سال سے زائد عمر کے ڈرائیورز کو انٹری کی اجازت تھی اس ہی وجہ سے فیملیز کے کئی ممبران ایک ساتھ ٹریک پر گاڑی دوڑاتے نظر آئے۔

ایک ہی خاندان کی تین نسلیں یعنی دادا بیٹا اور پوتے نے شرکت کی تو اسی ایونٹ میں باپ بیٹا اور بیٹی بھی ایکشن میں نظر آئے، جبکہ دو بھائی صاحبزادہ سلطان محمد علی اور بہادر علی بھی ٹریک پر گاڑی دوڑاتے نظر آئے۔

دادا، بیٹا اور پوتا

73 سالہ دادا سید اشرف آغا نے ویٹرنز کیٹگری میں شرکت کی اور 50 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے تیسری پوزیشن لی، 47 سالہ بیٹے غضنفر آغا نے پری پئیرڈ سی میں انٹری دی انہوں نے دوسری پوزیشن لی جبکہ 19سالہ پوتے علی حسن آغا جو غضنفر آغا کے بیٹے بھی ہیں نے اسٹاک سی میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

باپ، بیٹا اور بیٹی

نوید واسطی اور ندا واسطی بہن بھائی ہیں جو اکثر بڑی بڑی کار ریلیز میں ایکشن میں نظر آتے ہیں لیکن اس بار ویٹرنز کیٹگری کی وجہ سے ان کے 63 سالہ والد شاہد واسطی نے بھی انٹری دی، شاہد واسطی نے ویٹرنز کیٹگری میں تیسری پوزیشن لی ہے، ان کے بیٹے نوید واسطی نے پری پئیرڈ بی کیٹگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ ان کی بیٹی ندا واسطی نے ویمنز اسٹاک میں پہلی پوزیشن لی۔

نویں حب میں باپ بیٹی اور دو بھائی بھی ایکشن میں نظر آئے

پری پئیرڈ کیٹگری میں ماہم شیراز نے پہلی پوزیشن لی، ان کے والد شیراز قریشی ٹریک پر ایکشن میں تو آئے لیکن ریس مکمل نہ کرسکے، اسی طرح رونی پٹیل اور ان کی بیٹی دینا پٹیل نے بھی حب ریلی میں انٹری دی لیکن دونوں گاڑی خراب ہونے کی وجہ سے ریس مکمل نہ کرسکے۔

ہمیشہ کی طرح اس بار بھی دو بھائی صاحبزادہ سلطان محمد علی اور ان کے بھائی بہار عزیز ٹریک پر اترے، صاحبزادہ سلطان نے ریلی کا سب سے بڑا ٹائٹل جیتا تو ان کے بھائی بہادر عزیز نے پری پئیرڈ بی میں تیسری پوزیشن لی۔