حکومت اور ق لیگ میں تمام معاملات طے پاگئے، فرخ حبیب

March 28, 2022


وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت کے ق لیگ سے تمام معاملات طے ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فرخ حبیب نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات میں وفاقی وزیر مونس الہٰی اور ق لیگی رہنما حسین الہٰی بھی تھے، جس میں تمام معاملات طے ہوگئے ہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اتحادیوں سے بات کر رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزادار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کردیا ہے، پرویز الہٰی کو وزیراعظم نے پنجاب کا اگلا وزیراعلیٰ نامزد کردیا ہے۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ ق لیگ نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ق لیگ نے وزیراعظم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

صحافی نے وزیر مملکت نے استفسار کیا کہ اتحادی ایم کیو ایم کا کیا ہوگا؟

اس پر فرخ حبیب نے جواب دیا کہ آج آپ کو بہت سے اچھے اعلانات ملیں گے، جنہوں نے پہلے مٹھائیاں کھائیں پاناما جے آئی ٹی کی طرح وہ آج پھر پچھتائیں گے۔