قومی اسمبلی کی کارروائی ہفتے و اتوار کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ

March 29, 2022

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا ہے، جس میں ایوان کی کارروائی سے متعلق اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں قومی اسمبلی کی کارروائی ہفتے اور اتوار کو بھی جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

اجلاس میں طے پایا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 3 اپریل تک جاری رکھا جائے گا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کو عدم اعتماد کے معاملے پر خط لکھا ہے۔

وزیراعظم کے خط میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دوران کوئی بھی پارٹی رکن اسمبلی اجلاس میں شریک نہ ہو۔

خط میں کہا کہ پی ٹی آئی ایم این ایز کے اسمبلی اجلاس میں شرکت پر آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوگا۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عدم اعتماد کی قرار داد پیش کی۔

ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے قرار داد کے حق میں موجود ارکان کی تعداد 161 بتائی اور ساتھ ہی اس پر بحث جمعرات 31 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا اور اجلاس ملتوی کردیا۔

قواعد کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر 3 دن کے بعد اور 7 دن کے اندر ووٹنگ کرانا لازمی ہے۔