پرویز الہٰی PTI کے نامزد کردہ امیدوار ہیں، ان کا مقابلہ کریں گے، رانا ثناء

April 02, 2022

فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہٰی کیساتھ ہماری ملاقات کو پتہ نہیں کس کی نظر لگ گئی، وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے نامزد کردہ امیدوار ہیں، ہم ان کا مقابلہ کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے متفقہ طور پر حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے، حمزہ شہباز جب کابینہ بنائیں گے تو اتحادیوں کو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترین گروپ کے 16 ارکان باضابطہ طور پر حمایت کا اعلان کریں گے، علیم خان اپنے ساتھیوں اور گروپ کے ساتھ آج حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کریں گے، چھینہ گروپ کے ساتھ بھی بات چیت ہوئی ہے، ہمیں امید ہے وہ اپنا فیصلہ تبدیل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عجلت میں غیر آئینی و قانونی کام نہیں کرنا چاہئے، ہمارے نمبرز آج بھی پورے ہیں اور کل بھی ہوں گے، ہم نے اتحادیوں کیساتھ مل کر 177 کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ عثمان بزدار صاحب نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کے نام لکھا، انہیں اپنا استعفیٰ گورنر کے نام لکھنا چاہئے تھا۔