پاک آسٹریلیا سیریز سے پی سی بی کو کتنا منافع ہوا؟

April 07, 2022

حال ہی میں اختتام پزیر ہونے والی پاکستان آسٹریلیا سیریز نے ملک بھر کے کرکٹ شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا کیونکہ آسٹریلیا نے تقریباً 24 سال بعد پاکستان کا تاریخی دورہ کیا اور اس دورے نے جس طرح شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا، اس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی خوب منافع ہوا۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کا بتانا ہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والے آسٹریلیا کے ہوم ٹور نے بورڈ کے کمرشل سائیڈ پر سارے ریکارڈ توڑ دیے۔

رمیز راجہ نے ایک انٹرویو میں اکتوبر میں بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فتح کو یاد کیا اور اسے تجارتی پہلوؤں میں کرکٹ کے لیے ایک بڑا فروغ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں اچھی کارکردگی کے ساتھ ہماری کرکٹ ٹیم نے لوگوں میں اعتماد پیدا کیا جس نے ہمیں تجارتی بنیادوں پر نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف ہماری جیت کے بعد، لوگوں نے اس کھیل میں زیادہ دلچسپی لی، صرف آسٹریلیا کے ہوم ٹور نے دو ارب تک منافع کمایا، لہذا، یہ ہمارے آگے بڑھنے کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔