بلاول نے سی ای سی اجلاس بلالیا، نواز شریف سے ملاقات پر اعتماد میں لیں گے

April 25, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف سے ملاقات سے متعلق پارٹی قیادت کو اعتماد میں لینے کے لیے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس بلالیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی اور ندیم افضل چن نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے کل کراچی میں سی ای سی کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے۔

فیصل کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو پارٹی قیادت کو نواز شریف سے ملاقات پر اعتماد میں لیں گے، اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے قتل کا ملزم ایم پی اے کیسے فرار ہوا، ایم پی اے کے فرار کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت ہے، وفاقی حکومت ایم پی اے کے فرار کے معاملے پر ایکشن لے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جو بجلی پیدا کی وہ کہاں گئی؟ سننے میں آیا ہے کہ فرح خان کو 250 کنال زمین دی گئی ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ پی ٹی آئی اداروں پر حملے کر رہی ہے جو آئین کی خلاف ورزی ہے، پی ٹی آئی آج کل الیکشن کمیشن پر حملے کر رہی ہے۔