خیبرپختونخوا: گندم کی خریداری مہم کے بند ہونے کا خدشہ

May 26, 2024

----فائل فوٹو

خیبر پختون خوا میں 7 مئی سے جاری گندم کی خریداری مہم کے بند ہونے کا خدشہ ہے۔

محکمۂ خوراک نے سیکیورٹی کے لیے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ کو خط لکھا دیا۔

محکمۂ خوراک کے مطابق بعض ڈیلرز ایس او پیز کے برعکس گندم خریدنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں، واضح کردہ ایس او پیز کے خلاف کسی سے گندم نہیں خرید سکتے۔

خط کے متن کے مطابق گندم خریداری مہم کے دوران سیکیورٹی دی جائے۔

محکمۂ خوراک کی درخواست پر محکمۂ داخلہ نے سیکیورٹی کے لیے آئی جی کو مراسلہ بھیج دیا۔

محکمۂ داخلہ نے کہا کہ محکمۂ خوراک کی محدود گندم خریداری کی مہم جاری ہے، محکمۂ خوراک کے حکام کو ضروری سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

ذرائع کے مطابق چند عناصر گندم کی خریداری مہم کو بند کرانا چاہتے ہیں، ڈی آئی خان اور ایبٹ آباد میں گوداموں پر مقامی لوگوں نے کئی بار حملے کیے، سیکیورٹی نہ ہونے سے افسران گوداموں کی چیکنگ تک نہیں کر سکتے۔

اس حوالے سے سیکریٹری خوراک ظریف آلمانی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی مسائل کا سامنا ہے، حکومت کو خط لکھ دیا ہے، آنے والے چند دنوں کے دوران سیکیورٹی مل جائے گی۔

ظریف آلمانی نے کہا کہ گندم خریداری مہم شفاف طریقے سے جاری ہے، کسی کے دباؤ پر گندم خریداری مہم بند نہیں کریں گے۔