آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا ایرانی مسلح افواج کے چیف سے رابطہ، صدر رئیسی کے انتقال پر اظہار تعزیت

May 26, 2024


آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے صدر ابراہیم رئیسی اور انکے رفقا کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے محمد باقری کی گفتگو میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر تعزیت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ اور دیگر مرحومین کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

دوران گفتگو آرمی چیف نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان غیر معمولی رہنما اور پاکستان کے سچے دوست تھے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے۔

ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف جنرل باقری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔