الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 23 منحرف ارکان قومی اسمبلی کو نوٹسز جاری کر دیے

April 25, 2022

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کو 28 اپریل کو طلب کرلیا، پی ٹی آئی کے 23 منحرف ارکان قومی اسمبلی کو نوٹسز جاری کر دیے گئے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے کسی رکن کے استعفے کا نوٹیفکیشن نہیں ملا۔ استعفوں کا کیس موصول ہوتے ہی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، ممبران صوبائی اسمبلی کو 6 مئی کے لیے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اراکین اسمبلی کے خلاف آرٹیکل 63 اے کا ڈکلیئریشن اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی نے بھیج دیا ہے، ایسے ممبران قومی اسمبلی کو 28 اپریل کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو بھی نوٹس جاری کردیے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر غور کیا گیا، خط میں عمران خان نے کہا پارٹی نے قومی اسمبلی کی تمام نشستوں سے استعفے دے دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خط میں کہا گیا کہ اب قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی کوئی نمائندگی نہیں ہے، پی ٹی آئی نے کہا کہ منحرف ارکان کے خلاف آرٹیکل63 اے کے تحت کیس بھیج دیا ہے۔