تاریخ کے سب سے کم عمر وزیر خارجہ کو مبارک ہو، آصفہ بھٹو

April 27, 2022

سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے اپنے بھائی اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کو وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد دی ہے۔

آصفہ بھٹو نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پربلاول بھٹو زرداری کی حلف برداری کی تقریب کی تصویر شیئر کی جس میں وہ وفاقی وزیر کا حلف اُٹھا رہے ہیں۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بلاول بھٹو سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم عمر وزیر خارجہ کو مبارک ہو۔

اپنے ٹوئٹ میں آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ کام مشکل ہے اور پچھلی حکومت نے ہماری بین الاقوامی حیثیت کو ٹھیس پہنچائی ہے لیکن مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ ہمارے ملک، پارٹی اور خاندان کا سر فخر سے بلند کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

ایوانِ صدر اسلام آباد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا۔

صدر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر بلاول بھٹو سے حلف برداری کے بعد مصافحہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں صدر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری موجود تھے۔