بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کی سزا کیخلاف اپیل کا تحریری حکم نامہ

May 06, 2022

سندھ ہائی کورٹ نے بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے صلح نامہ عدالت میں جمع کروایا ہے، ٹرائل کورٹ نے تمام فریقین سے صلح نامے کی تصدیق کی۔

سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ ملزم 4 نابالغ بچوں کو 28 لاکھ 40 ہزار 520 روپے ادا کرے گا، مقتولہ کے لواحقین نے بھی صلح نامے اور دیت کی رقم پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

عدالت نے کہا کہ بچوں کے تحفظ کے لیے صلح نامہ منظور کرنے کے سوا چارہ نہیں ہے، عدالت فریقین کے درمیان ہونے والے صلح نامے کو منظور کرتی ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت ملزم حسن کو دیت کی رقم کے عوض رہا کرنے کا حکم دیتی ہے۔