شانگلہ: اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو آٹا مہیا کروں گا، وزیراعظم

May 07, 2022

فوٹو: اسکرین گریب

وزیراعظم شہباز شریف نے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوام کو سستا آٹا نہیں ملا تو میں اپنے کپڑے بیچ کر عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔

شانگلہ کے علاقے بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وہاںمیڈیکل کالج بنانے کا اعلان کیا جبکہ بشام کے لیے دو ارب روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے ملک میں آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ آٹے کی جتنی قیمت آئندہ 2 دنوں میں پنجاب میں ہوگی اتنی ہی خیبر پختون خوا میں بھی ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا سے یہ درخواست کروں گا کہ صوبے میں عوام کو اتنی ہی قیمت میں آٹا مہیا کریں جتنی پنجاب میں ہے، اگر ایسا نہیں کرتے تو میں اپنے کپڑے بیچوں گا اور عوام کو آٹا مہیا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا نے میری آٹا سستا کرنے کی اپیل نہیں مانی تو مجھے اس صوبے کی ہر دکان پر سستا آٹا مہیا کرنے کا طریقہ آتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس قوم کی جو چیز ہے وہ آپ کی ہے، وہ چاہے جس صوبے کی ہے، وہ میں بیچوں گا اور سستا آٹا دوں گا۔

وزیراعظم نے وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا سے اپیل کی کہ وہ وہاں علاج مفت کردیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو شہباز شریف حاضر ہوگا اور یہ علاج مفت کرکے دے گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نےخزانہ خالی کردیا ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مدد و تعاون کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دھوکے باز، جھوٹا اور عوام کو ورغلانے والا شخص قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پلے کچھ نہیں، اپنی کارکردگی کے بارے میں کیا بتائیں گے کہ ان کے دور میں آٹا چینی مہنگے ہوگئے؟

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھ گئی؟ پچھلی حکومت نے خزانہ خالی کردیا، کب تک کشکول لے کر پھریں گے اور بھیک مانگيں گے، محنت سے ہی بھکاری پن ختم ہوگا۔