گرمی کی وجہ سے پنجاب میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی، کیسز میں خطرناک اضافہ

May 15, 2022

علامتی فوٹو

گرمی کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہیضے کی وبا پھوٹ پڑی ہے اور اس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں ہیضے کے 511 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ان میں سے صرف لاہور میں 208 کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بہاولپور میں 78، خوشاب میں 56 اور ننکانہ صاحب میں 34 افراد ہیضے سے متاثر ہوئے ہیں۔

لاہور میں گورنمنٹ نواز شریف اسپتال میں 193 اور میو اسپتال میں 15 ہیضے کے مریض لائے گئے۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام اسپتالوں میں ہیضے کے حوالے سے بیڈز اور ادویات موجود ہیں، انہوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ پانی ابال کر پئیں، باسی اشیاء، گلے سڑے پھل اور بازار ی کھانے ہر گز نہ کھائیں۔