آئس کریم اتنی نقصان دہ نہیں جتنی توقع کی جاتی ہے، غذائی ماہرین

April 20, 2024

--- فائل فوٹو

آئس کریم کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری آگئی، اب آپ بے فکر ہوکر آئس کریم کھا سکتے ہیں، کیونکہ یہ اتنی نقصان دہ نہیں جتنی توقع کی جاتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر آئس کریم کا ایک اسکوپ آپ کی صحت کے لیے اتنا نقصان دہ نہیں ہو سکتا جتنا توقع کیا جاتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق آئس کریم کے چند پوشیدہ فوائد بھی ہیں جن سے بیشتر افراد لاعلم ہیں۔

ان کے مطابق آئس کریم، کیلشیم، میگنیشیم، بی 12 وٹامنز اور پروٹین جو کہ خون میں شکر کے استحکام کے لیے ضروری ہے، کو بڑھاتی ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق آئس کریم میں بنیادی اجزاء دودھ اور کریم ہوتے ہیں، جو وٹامن اے اور کولین کا ایک بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ بصارت، قوت مدافعت اور دماغ کی نشوونما میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

تازہ ترین تحقیق کے مطابق مکمل دودھ سے تیار شدہ ڈیری اشیا دل کی بیماری کا باعث نہیں بنتی، جس میں دودھ، پنیر اور دہی کے ساتھ آئس کریم بھی شامل ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ایسا نہیں ہے کہ نان ڈیری مصنوعات مکمل طور پر صحت بخش ہیں، اکثر ان میں بھی چینی، چکنائی اور یہاں تک کہ مصنوعی مٹھاس شامل کی جاتی ہے جو صحت کے لیے مضر ہے لیکن اصل چیز یہ ہے کہ ہم مجموعی طور پر کس اشیاء کا کتنا استعمال کرتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ آئس کریم کا آدھا کپ لیا جاسکتا ہے اور یہ مقدار ہر فرد کی انفرادی ضرورت کے مطابق کم یا زیادہ ہوسکتی ہے۔