پارسل اور ڈاک پہنچانے کیلئے رائل میل کا 5 سو ڈرونز کا بڑا فلیٹ تیار کرنے کا پروگرام

May 16, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کے جزائر اور برطانیہ بھر کے دور دراز علاقوں میں پارسل اور ڈاک پہنچانے کے لئے رائل میل ڈرونز سروس کا استعمال شروع کر رہی ہے اور آئندہ چند سال میں پوسٹل ڈیلیوری کے لئے 5 سو ڈرونز کا ایک بڑا فلیٹ تیار کرنے کاپروگرام ہے۔ گزشتہ 18ماہ کے دوران رائل میل بڑی کامیابی کے ساتھ ڈرونز کے تجربات مکمل کر چکی ہے۔ اگلے تین سال میں ڈرونز کے 50نئے روٹس تیار کئے جارہے ہیں، موجودہ وقت میں رائل میل ڈاک پہنچانے کے لئے روایتی ہوائی سروس، فیری یا دیگر زمینی طریقے استعمال کر رہی ہے لیکن شدید دھند، تیز بارش یا سمندری طوفان کے باعث یہ سروسز متاثرہوتی ہے جب کہ ان کے مقابلے میں ڈرونز سروس بہت زیادہ قابل اعتماد ہے۔ ساتھ ہی ڈرونز جو کہ ماحول دوست ہوں گے کاربن کو کم کرنے کاباعث بھی بنیں گے۔ ان ڈرونز کے ذریعے ایک وقت میں 100 کلوگرام تک کا وزن لے جایا جا سکتا ہے، ان میں کوئی پائلٹ نہیں ہوں گے اور یہ اپنے پوسٹ کوڈ کے مقام پر جا کر اتریں گے۔ ان ڈرونز کو زمین سے مانیٹرکیا جائے گا اور کسی مشکل صورتحال میں سفر کے دونوں حصوں پر بیٹھے پائلٹ ان کا کنٹرول سنبھال سکیں گے۔