ویرات کوہلی کشمیر پریمیئر لیگ میں شرکت کریں گے؟

May 18, 2022

فوٹو، فائل

پاکستان سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) میں مدعو کرے گا۔

کشمیر پریمیئر لیگ، جس کامقصد بین الاقوامی سطح پر کشمیر کی اہمیت اور ٹیلنٹ کو فروغ دینا ہے، اس ایونٹ کا آغاز رواں سال پہلی اگست سے ہوگا اور فائنل 14اگست یعنی یومِ آزادی کے موقع پر کھیلا جائے گا۔

کے پی ایل کےصدر عارف ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ’کے پی ایل کے ساتھ شائقین کرکٹ کو ایک فینٹسی لیگ بھی دیکھنے کو ملے گی جس میں مظفرآباد اور سری نگر کی ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتی نظر آئیں گی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ہم دونوں اطراف کے لوگوں کو ساتھ لانا چاہتے ہیں تاکہ ہم امن کا پیغام دے سکیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’کے پی ایل دنیا کو امن کا پیغام دے رہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹرز بھی لیگ کا حصّہ بنیں اور کرکٹ کے ذریعے دونوں طرف سے کشیدگی کو کم کریں۔‘

عارف ملک نے بتایا کہ ’ویرات کوہلی کو لیگ کا حصّہ بننے کے لیے باضابطہ دعوت دی جائے گی۔ تاہم، ایونٹ میں بطور کھلاڑی شامل ہونا ہے یا پھر مہمان خصوصی، اس بات کا فیصلہ صرف اور صرف بھارتی کرکٹر پر منحصر ہوگا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ’لیگ کا بنیادی مقصد کرکٹ کو فروغ دینا اور اس خطے کے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’کے پی ایل کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور پہلے سیزن کی طرح دوسرا سیزن بھی مظفرآباد اسٹیڈیم میں ہوگا۔‘

اُنہوں نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کی اس سال سب سے زیادہ اہمیت یہ ہے کہ پاکستان اس سال اپنی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کا جسن منائے گا۔