موسمی تبدیلیوں کے اثرات آم کی فصل کو شدید متاثر کر رہے ہیں‘ ڈاکٹر آصف علی

May 19, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں موسمیاتی تبدیلی کے آم کی فصل پر اثرات کے موضوع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کی صدارت میں اجلاس ہوا،جس میں 100 سے زائد مینگو گروورز اور زرعی سائنسدانوں نے شرکت کی،اجلاس میں آم کی فصل کو موسمیاتی اثرات سے بچاؤ کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا،وائس چانسلر نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کے اثرات آم کی فصل کو شدید متاثر کر رہے ہیں،اس کے لئے ایک ڈیٹا بیس ڈیویلپ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس ڈیٹا بیس پر مزید ریسرچ کرنے والے موسمی تغیرات سے نبرد آزما ہو سکیں،اس موقع پر ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان عبدالغفار گریوال نے موسمیاتی تبدیلیوں کے آم پر اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی اور اقدامات تجویز کئے،مینگو گروورز ملک ظفر مہے نے موسمیاتی تبدیلی کو آم کے لیے خطرہ قرار دیا،سید عابد امام نے بطور مہمان خصوصی اجلاس میں شرکت کی اور اس بات پر زور دیا کہ زرعی جامعہ گروورز کو ساتھ لے کر چلے تاکہ مینگو گروورز بھی ریسرچ سے فوائد حاصل کر سکیں ،ڈائریکٹر زراعت توسیع ملتان شہزاد صابر نے شرکاء کو بتایا کہ اس موسم کی وجہ سے پھل کے ساتھ ساتھ پودے اور نئی شاخیں بھی متاثر ہورہی ہیں،اجلاس میں محمد طارق ملک سید زاہد حسین گردیزی پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، پروفیسر ڈاکٹر مبشر مہدی، مظفر حیات خاکوانی، نعمان حمید ڈوگر، سید ابراہیم بخاری، ملک جہاں زیب، آصف اقبال،رانا آصف حیات ٹیپو،میڈم رابعہ سلطان، رانا عباس ماجد خان، سردار شفیق حیدر لغاری، ملک احمد وزیر گل، ڈاکٹر عابد حسین سمیت دیگر مینگو گروور اورزرعی سائنسدانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔