راجن پور پولیس کے رویے پر خودسوزی کرنے والا نوجوان برن سنٹر منتقل ،حالت نازک

April 25, 2024

ملتان(سٹاف رپورٹر)راجن پور پولیس کے مبینہ ناروا رویہ کے باعث خودسوزی کرنے والےشخص کو برن سنٹر نشتر منتقل کردیا گیا ہے ، بتایا جاتا ہے کہ راجن پور کے ثاقب نے تھانے کے اندر ہی خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی تھی اور مذکورہ مریض کا برن سنٹر میں علاج جاری ہے اس بارے میں ثاقب کے اہلخانہ نے ڈاکٹرز کو بتایا ہے کہ وہ ایک کیس کے سلسلہ میں تھانے گیا لیکن وہاں پولیس والوں نے اس کے جائز کام کے لئے اسے انکار کیا اور تھانے میں اسے گالیاں دیں جس پر دلبرداشتہ ہو کر ثاقب نے تھانے کے اندر ہی خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا لی ، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ثاقب کے جسم کے پچاس فیصد سے زائد حصہ جل گیا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے ایسے حالات میں اس کا زندہ بچ جانا ایک معجزہ ہو گا دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ راجن پور پولیس کا ایس ایچ او اور دیگر پولیس اہلکار بھی گذشتہ روز برن سنٹر موجود رہے اور ان کی یہ کوشش رہی کہ کسی بھی طرح میڈیا کے کسی نمائندے کو اس بارے کوئی معلومات ہرگز نہ دی جائے اور اس معاملے کو دبایا جا سکے۔