’’ صاف پنجاب مہم‘‘4سپیشل صفائی سکواڈ تشکیل ،شاہراہوں کی دھلائی

May 19, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے" صاف پنجاب مہم" کی کامیابی کے لئے کمر کس لی ہے اور شہر کے4زون کے لئے4 اسپیشل صفائی اسکواڈ تشکیل دے دئیے ہیں،شہر کے ہر زون میں ایک سپیشل صفائی سکواڈ کام کرے گا ،جسے ہیوی لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیوں کی مدد بھی فراہم کر دی گئی ہے، کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے "صاف پنجاب مہم" کا جائزہ لینے کے لئے شہر کا دورہ کیا، انہوں نے بتایا کہ ہر زون میں روزانہ ایک یونین کونسل کو زیرو ویسٹ کرنے کی حکمت عملی کا آغاز کردیا ہے،متعلقہ یونین کونسل میں معمول کی صفائی پر مامور ورکرز بھی صفائی سکواڈ کی مدد کریں گے، انہوں نے بتایا کہ اہم چوراہوں اور شاہراہوں کی پانی سے دھلائی بھی کی جائے گی اور اس کا آغاز ہائیکورٹ چوک کی واشنگ سے کردیا گیا ہے، واشنگ سرگرمیوں سے صفائی کے علاوہ گرمی کی جاری لہر کے دوران ماحول کو خوشگوار بنانے میں بھی مدد ملے گی، کمپنی کی تمام سرگرمیاں پی آئی ٹی بی کی تیار کردہ ایپ پر اپ لوڈ کی جارہی ہیں جبکہ مہم کی مانیٹرنگ "کارکردگی" ایپ کے ذریعے کی جارہی ہے جوکہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ نہ کرنیوالوں کی نشاندہی کر دیتی ہے۔