موسم گرما میں ترشاوہ باغات کی بہتر مینجمنٹ بارے سفارشات جاری

May 22, 2022

ملتان( سٹاف رپورٹر)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ ترشاوہ پھل 40ڈگری سینٹی گریڈ تک کا درجہ حرارت برداشت کر لیتے ہیں مگر جب یہ 40ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جائے تو ترشاوہ پھلوں کیلئے پتے اپنا طویل پھیلاؤ برقرار نہیں رکھ سکتے اور زردی مائل ہو جاتے ہیں اُن میں سبز پن ختم ہو جاتا ہے جسکی وجہ سے پتے جوکہ قدرت کی طرف سے کاربوہائیڈریٹ یعنی نشاستہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نشوو نما کے مراحل سے گزرتے ہوئے پھل کو نشاستہ نہیں دے پاتے جس کی وجہ سے پھل زردی مائل ہو کر گرنا شروع ہو جاتا ہے۔ نشو و نما کے ابتدائی مراحل میں اُسکے سائز یعنی جسامت میں کمی رہ جاتی ہے جس سے پیداوار کے علاوہ دیگر خصوصیات بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔باغبان موسم گرما کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے پودوں کو زیرِ مشاہدہ رکھیں جونہی ان کے پتے پثر مردگی کی طرف مائل ہوتے ہوئے نظر آئیں تو پودوں کو فوراََ پانی لگادیں۔ ٹینشو میٹر کا پیمانہ جب 40تک پہنچ جائے تو باغبان آبپاشی میں لا پرواہی نہ کریں اور پودوں کو فوراََ پانی لگا دیں۔ایسے اقدامات کیے جائیں جن کی وجہ سے زمینی نمی کا اخراج کم سے کم ہو اور زمین میں نمی زیادہ دیر تک برقراررکھنے کی صلاحیت پیدا ہو سکے۔