مریم نواز سے متعلق عمران خان کے بیان پر جنید صفدر کا ردّ عمل

May 23, 2022

فوٹو کولاج، انسٹاگرام

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمینعمران خان کی جانب سے اپنی والدہ(پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب، صدر مریم نواز شریف)کے لیے دیئے گئے غیر مناسب بیان پرمحمد جنید صفدر کا ردِ عمل سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ فیس بُک پر محمد صفدر کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

محمد جنید صفدر کا کہنا ہے کہ ’میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ عمران خان جیسا سیاست دان اس طرح کے غیر اخلاقی بیانات دے کر کیسے بچ سکتا ہے۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ کتنی پریشان کُن بات ہے کہ ایک ایسا بوسیدہ اور مکروہ کردار جو ساری زندگی عورتوں کی تذلیل کا سبب اور اُنہیں شرمندہ کرتا رہا ہے وہ شخص میثاقِ مدینہ کے اصولوں پر قوم کی تعمیر کی بات کرتا ہے۔‘

جنید صفدر نے مزید لکھا کہ ’جن لوگوں کی یادداشت کمزور ہے میں اُن کو یاد دلاتا چلوں کہ میں یہاں اُس شخص کی بات کررہا ہوں جس نے اپنے ایک بیان میں خواتین کے لباس کو نشانہ بناتے ہوئے اُن کے لباس کو ہی جنسی بدسلوکی کا سبب قرار دیا تھا۔‘

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اگر آپ کو خاندانی تقدس کا علم نہیں ہے، اور میں جانتا ہوں کہ یقیناً آپ اس احساس سے عاری ہوں گے، میں چاہتا ہوں کہ آپ کے مٹھی بھر حمایتی آپ کو خاندان اور خواتین کے تقدس سے متعلق آگاہ کریں۔‘

محمد جنید صفدر نے آخر میں عمران خان کے لیے پیغام میں لکھا کہ ’ہمارے نوجوانوں کو خراب نہ کریں، جو گندگی آپ کے ذہن میں ہے ہماری نوجوان نسل اس کی مستحق نہیں ہے۔‘