عمران خان جیسے کرپٹ کو روکنے کیلئے پورا ہاؤس اکھٹا ہو، راجا ریاض

May 23, 2022

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض نے کہا ہے کہ عمران خان جیسے کرپٹ کو روکنے کے لیے پورے ہاؤس کو اکھٹا ہونا ہوگا۔

قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ اس ایوان کاشکریہ کہ مجھےاپوزیشن لیڈر منتخب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان میں جرات ہوتی تو آج وہ یہاں میری جگہ کھڑا ہوتا۔

راجا ریاض نے مزید کہا کہ عمران خان کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کرپٹ نہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان سب سے بڑا لوٹا اور کرپٹ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان دفتر صرف پکنک منانے آتے، وہ11 بجے ہیلی کاپٹر سے آتے اور 4 بجے اُسی سے واپس چلے جاتے۔

اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ایک بھی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا، اگر سابق وزیراعظم کی کارکردگی ہوتی تو وہ بتاتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران اینڈ کمپنی نے جس طرح 4 سال اس ملک کو لوٹا، ہم نے ہمیشہ اس کے خلاف آواز بلند کی۔

راجا ریاض نے کہا کہ فرح گوگی 4 سال ملک چلاتی رہی، پورا ملک عمران خان اور فرح گوگی نے مل کر لوٹا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کو آئینی طریقے سے ایوان سے نکالا گیا، اس کرپٹ آدمی کو روکنے کے لیے پورے ہاؤس کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے، جو خاص لابی کے لیے کام کر رہا ہے، یہ بہت بڑا جھوٹا ہے، اُس کے ہر جھوٹ کے پیچھے شرارت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں حکومت اس معاملے کو سختی سے دیکھے، اگر آج یہ نرمی کریں گے تو اس طرح حکومت نہیں چلنی۔

راجا ریاض نے کہا کہ ان لوگوں کو ان کی زبان میں جواب دیا جائے، تب ہی حکومت چل سکتی ہے، ہم حکومت کے ہر اچھے کام میں ساتھ اور غلط کام پر تنقید کریں گے۔