اس وقت 99.9 فیصد سیاسی قیدیوں کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے، سینیٹر شبلی فراز

April 25, 2024

سینیٹر شبلی فراز: فوٹو فائل

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اس وقت 99.9 فیصد سیاسی قیدیوں کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔

سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صاحب، آپ حکومت کے ہی نہیں اپوزیشن کے بھی چیئرمین ہیں، امید کرتا ہوں آپ اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر کے لیے بھی کچھ کریں گے۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہماری حکومت جس طرح ہٹائی گئی وہ سب کے سامنے ہے، آئین کے مطابق 90 دن کے اندر انتخابات کروانا تھے، لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا مگر ہم سے مخصوص نشستیں لے لی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن خیبر پختونخوا کے سینیٹرز ایوان میں نہیں، ایک میز کےچار پاؤں میں سے ایک پاؤں نہ ہو تو میز مستحکم نہیں رہ سکتی، یہ ایوان نا مکمل ہے، ماضی میں بھی ایسے واقعات دیکھے ہیں جنہوں نے پاکستان کو کمزور کیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہم عدالتوں میں گئے مگر ہمیں انصاف کیا ملتا، ہمارے نئے دوست جو آئے ہیں وہ ٹھیک طریقے سے آئے ہیں مگر ان کا الیکٹوریٹ ٹھیک نہیں، ساری دنیا، فافن ہو، پتن ہو، سب نے انتخابات پر اعتراض کیا، انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے، ہائیکورٹ کے ججز خطوط لکھ رہے ہیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہم پرامن سیاسی جماعت ہیں، سب سے بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ جیل میں ہو، سیاسی استحکام کیسے آ سکتا ہے، ہم حقیقت ہیں آپ ہمیں الگ نہیں رکھ سکتے۔