فائٹنگ اسپرٹ کے باعث بھارت کیخلاف میچ برابر کرنے میں کامیاب رہے، عمر بُھٹہ

May 23, 2022

فوٹو: اسکرین گریب

پاکستانی ہاکی ٹیم کے کپتان عمر بُھٹہ نے کہا ہے کہ آخری لمحات تک فائٹنگ اسپرٹ کے باعث ہاکی ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ برابر کرنے میں کامیاب رہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں گول کرنے کے مواقع ملے لیکن بدقسمتی سے گول نہ کرسکے۔

عمر بھٹہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمت نہیں ہاری، اس میچ میں آخری منٹ تک فائٹ کی۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ آخری لمحے تک فائٹ کرنے کے سبب پاکستان میچ برابر کرنے میں کامیاب ہوا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ابھی بھی ٹورنامنٹ میں ہیں، انڈونیشیا اور جاپان کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ ہاکی ایشیا کپ 2022 میں قومی ٹیم نے میچ کے آخری منٹ میں گول کرکے بھارت کو جیت سے محروم کردیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ اہم مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا۔