پی آئی اے کے نئے سی ای او کی تقرری: بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس بے نتیجہ ختم

May 23, 2022

پی آئی اے کے نئے سی ای او کی تقرری کے معاملہ پر پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی آئی اے اسلم آر خان کی زیر صدارت بورڈ ممبران نے مختلف امیدواروں کے ناموں پر غور کیا۔ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے بورڈ ممبران کو فیصلہ کرنے میں مشکل کا سامنا ہے۔

ذرائع پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر امیدواروں کے حتمی نام بھیجنا مشکل ہیں۔ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو 7 میں سے تین حتمی امیدواروں کے نام وزیراعظم کو بھیجنا تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر کسی امیدوار پر اتفاق رائے نہ ہوسکا۔ پی آئی اے کے سی ای او کے عہدے کے لیے ایئر وائس مارشل نور عباس، ایکٹنگ چیف آپریٹنگ آفیسر امان اللّٰہ قریشی، سابق سی ایف او پی آئی اے نیئر حیات اور فیصل ملک کے ناموں پر غور کیا گیا۔

ذرائع نے کہا کہ ایئر مارشل ارشد ملک کے 25 اپریل کو تین سال کی میعاد پوری ہونے پر سی ای او پی آئی اے کا عہدہ خالی پڑا ہے۔ ایئر وائس مارشل عامر حیات قائم مقام سی ای او پی آئی اے کے طور ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔