سندھ بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ، نوٹیفکیشن جاری

May 24, 2022

کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔

محکمہ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئی جی سندھ کی جانب سے محکمہ داخلہ کو خط لکھا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اور دیگر عناصر کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ریاست مخالف عناصر صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی لگادی گئی ہے، کسی بھی اجتماع یا مظاہرے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

اس کے علاوہ صوبے بھر میں 30 روز کیلئے ریلیاں نکالنے پر بھی پابندی ہوگی، متعلقہ تھانے کا ایس ایچ او کارروائی کرسکے گا۔