عمران خان حکومتی وسائل سے اسلام آباد پرحملہ آور ہیں، خواجہ آصف

May 24, 2022

فائل فوٹو

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ وفاق میں آئینی جنگ ہارنے کے بعد عمران خان حکومتی وسائل سے اسلام آباد پرحملہ آور ہیں۔

خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت ریاست کی رٹ کا بھر پور دفاع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ذاتی ایجنڈے کی تکمیل ہونے نہیں دی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی، صوبائی حکومتوں میں جنگ کی کیفیت سے ملکی سالمیت کو خطرات سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، سابق وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت مقامی رہنماؤں کے گھروں پر پولیس کی جانب سے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پولیس کے چھاپے کے دوران ایک مکان کی چھت سے فائرنگ کے نتیجے میں کانسٹیبل شہید ہوگیا جس کا مقدمہ درج کرلیاگیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ بےگناہ پولیس اہلکار کمال احمد کے سینے میں لگی گولی ثبوت ہے کہ عمران خان دہشتگرد ہے، کمال احمد کا قاتل عمران خان، شیخ رشید اور اس کے حواری ہیں۔