اجتماعی قربانی والوں کا اپنا محنتانہ وصول کرنا

May 27, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: ہم ہر سال اجتماعی قربانی کرتے ہیں۔ پہلے ہم خود جانور خرید لیتے تھے اور پھر حصے داروں کو حصص فروخت کردیتے تھے جس میں معمولی مقدار میں ہمارا حق الخدمت بھی شامل ہوتا تھا۔ اگر جانور ہمارے پاس موجود نہ ہوتا تو ہم حصہ فروخت نہیں کرتے تھے، تاکہ قبضہ سے پہلے فروخت کی قباحت لازم نہ آئے، مگر پچھلے سال ہمارے کچھ جانور چوری ہوگئے اور ایک جانور مرگیا، جس سے ہمیں کافی نقصان ہوا، اس لیے اس سال ہم نے اپنے جانور نہیں خریدے، بلکہ لوگوں کی طرف سے جانور خریدے ہیں، تاکہ کسی آفت چوری وغیرہ کی وجہ سے ہمیں پھر سے اس طرح نقصان نہ ہو۔

دریافت طلب امر یہ ہے کہ قربانی کی خدمت انجام دینے کے لیے ہمارے پاس رضاکار بہت کم ہیں، جس کی وجہ سے ہمیں اجرت پر لوگ رکھنے پڑتے ہیں تو کیا اس صورت میں ہم ان اخراجات کی مد میں کوئی زائد رقم وصول کرسکتے ہیں؟ (صبیح احمد)

جواب: آپ وکالت کے طور پر لوگوں کے لیے جانور خرید لیا کریں اور قربانی کے نظم پر جو اخراجات آتے ہیں، وہ اپنے محنتانہ کی شکل میں متعین کرکے لوگوں سے وصول کرلیا کریں یا پھر محنتانہ الگ سے طے نہ کریں، بلکہ متوقع اخراجات لوگوں سے پہلے وصول کرلیا کریں۔ پہلی صورت میں اگر کچھ رقم بچ جائے تو واپس کرنا ضروری نہیں ہے۔

دوسری صورت میں اگر اخراجات کی مد میں لی گئی رقم میں سے کچھ بچ جائے تو وہ لوگوں کو واپس کرنا ضروری ہے، یا ان سے اجازت لے کر وہ جہاں استعمال کرنے کے لیے کہیں، وہاں استعمال کرسکتے ہیں۔

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

masailjanggroup.com.pk