صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ کیلئے کھیل کے میدانوں کو آباد کریں: سیکرٹری سکولز

May 27, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیکرٹری سکولز جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ ملتان کے طلباء، شہریوں اور نوجوانوں میں صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ کےلئے کھیل کے میدانوں کو آباد کر رہے ہیں، یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول بوسن روڈ ملتان میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے منصوبے کے افتتاح اورسدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ گرائونڈ میں جدید طرز اور بین الاقوامی معیار کی2 پچیز تیار کی گئی ہیں جبکہ روشنی کےلئے بہترین لائٹس کی تنصیب کی گئی ہے، 500 میٹر کی واکنگ ٹریک بھی بنایا گیاہے ،اس میدان میں خواتین کی کرکٹ کے علاوہ انڈر 13 اور انڈر 16 ٹیموں کے میچز کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ فیملیز کی تفریح کے لئے واکنگ ٹریکس کے ساتھ ساتھ کیفے ٹیریا کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے،اس موقع پر سدرن پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین خواجہ انیس، سی ای او ڈاکٹر عبد الصبور نے کہا کہ اس میدان میں مختلف کرکٹ کلبز کے مابین میچز کھیلے جائیں گے ، تقریب میں قومی کھلاڑی عامر یامین، وسیم حیدر، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم جنوبی پنجاب عطا الحق، ڈپٹی سیکرٹری خواجہ مظہر الحق سمیت کھلاڑیوں اور کرکٹ کے وابستہ افراد نے شرکت کی۔