پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کر کے بھارت کو مدد دی، علی شرافت

May 28, 2022

ویانا(اکرم باجوہ) مسلم لیگ ن آسٹریا کے صدر چوہدری علی شرافت اور کارکنوں نے کہا ہے کہ جے کے ایل ایف کے چیئر مین اور کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی حکومت کی طرف سے عمر قید کی سزا سنانے اور اسی دن پی ٹی آئی کی طرف سے پاکستان میں لانگ مارچ کرنا مودی سرکار کی مدد ہے ، پاکستانی قوم کی توجہ یاسین ملک کی سزا سے ہٹانے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی شرافت کہا کہ یاسین ملک کو بھارت کی طرف سے عمر قیدکی سزا سے دنیا کو جان لینا چاہئے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کس طرح کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کر رہا ہے، یاسین ملک کی سزا سنانے پر اسلام آباد میں تمام ممالک کے سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی جاتی مگر مودی کے یار عمران خان نے اسی دن اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اپنا ناکام ڈرامہ کیا، ہم عمران خان کے اس عمل کی پُر زور مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دہشت گرد مودی اب حریت رہنماؤں کو ختم کرنے کی مکمل کوشش کر رہا ہے اس سے بڑا ظلم اور کیا ہے کہ یاسین ملک کو آزادی کے لیے آواز بلند کرنے پر جھوٹے الزامات اور مقدمات بنا کر عدالتی فیصلے کے ذریعے عمر قید کی سنا دی گئی، کشمیر صرف کشمیریوں کا ہے، بھارت کو یہ بات جان لینی چاہئے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے جس پر اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔عمران خان نے دو دن میں جلدی جلدی لانگ مارچ کی 25 مئی کی تاریخ رکھ دی وہ اس لیے کہ 25 مئی کو آئی ایم ایف سے مذاکرات اور بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو سزا سنانی تھی ،اصل میں عمران خان پاکستان کو نقصان پہنچانے میں کوئی کثر نہیں چھوڑ رہا ، عمران خان کا ڈرامہ سب نے دیکھا خود خیبر پختونخوا میں جاکر چھپ گئے، پی ٹی آئی کے کارکن سخت گرمی میں سڑکوں پر رلتے رہے اور عمران خان خود اے سی میں مزے کرتے رہیں ،رانا ثناءاللہ نے شاندار حکمت عملی کے تحت لانگ مارچ کو ہینڈل کیا اور عمران خان کے خونی پلان کو ناکام بنایا۔