کراچی کارواں، عوام کے حقوق کے حصول کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا، حافظ نعیم

May 28, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہےکہ جماعت اسلامی کے تحت اتوار29مئی کو مزار قائد سے شروع ہونے والا تاریخی حقوق کراچی کارواں ساڑھے تین کروڑ عوام کے حقوق کے حصول کا نقطہ آغاز ثابت ہو گا، کارواں کا آغاز4بجے شام مزار قائد سے ہو گا جو لسبیلہ، گلبہار، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی،پاور ہاؤس چورنگی، K-4چورنگی، سندھی ہوٹل، شفیق موڑ، سہراب گوٹھ اور فیڈرل بی ایریا سے ہوتا ہواسپر مارکیٹ لیاقت آباد پرختم ہوگا،حیدری اور لیاقت آباد سپر مارکیٹ پر بڑے جلسہ عام ہوں گے،کراچی کے عوام کارواں میں اپنی فیملی کے ہمراہ شریک ہوں،حقوق کراچی کارواں کے اختتام پر آئندہ کےلائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا،حکومت اور اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات سے فرار کے راستے اختیار کیے جارہے ہیں لیکن ہمارا واضح موقف ہے کہ بلدیاتی انتخابات اپنی مقررہ تاریخ پر ہونے چاہئیں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں 30روپے اضافہ کر کے عوام پر پیٹرول بم گرایا ہے یہ اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔