قوم کو یوم تکبیر مبارک!

May 29, 2022

سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا قوم کے نام پیغام
آج پاکستان کو ساتویں عالمی ایٹمی طاقت بنے 24سال ہوگئے۔ 28مئی 1998کو ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا گیا، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے ایک خود مختار قوم ہونے کا ثبوت دیا اور خطے میں توازن کی بنیاد رکھی ۔ یوم تکبیر پاکستانی قوم کیلئے وہ تاریخی اور یادگار دن ہے جس دن پاکستان اسلامی ممالک کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بن گیا۔ یوم تکبیر پاکستانی قوم کی غیرت، بہادری اور جرأت کا مظہر ہے جس دن پاکستان کے خلاف غلط عزائم رکھنے والوں کو یہ پیغام ملا کہ پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والے نشان عبرت بنا دیے جائینگے۔ یوم تکبیر ہماری قوم اور لیڈرشپ کی جرأت بہادری اور بروقت فیصلہ سازی کا آئینہ دار ہے۔ اس وقت کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بروقت اور دلیرانہ فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کی دائمی خدمت کی۔ الحمدلله آج سے 24سال پہلے جب اربوں ڈالرز ٹھکرا کر میاں نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا تواس قدم کو بین الاقوامی طور پر ناقابل معافی جرم کے طور پر لیا گیا اور پاکستان پر بد ترین اقتصادی پابندیاں لگا دی گئیں لیکن ا س کے باوجود ہم نے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے تمام چیلنجز کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کاعلم سر بلند رکھتے ہوئے نہ ملکی ترقی میں کوئی کمی آنے دی ، نہ مہنگائی ہونے دی اور نہ ہی کسی غریب کا چولہا بجھنےدیا۔ اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، اسلامی ممالک کے سربراہان اور عوام نے وزیر اعظم میاں نوازشریف کو اسلامی دنیا کا ہیرو قراردیا۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کے جرم میں میاں نواز شریف نے آنے والے سالوں میں کئی دفعہ جیلیں کاٹیں اور جلا وطنی بھی بھگتی۔ عوام نے 2013میں ایک دفعہ پھر مسلم لیگ ن کو بھرپور مینڈیٹ دیا جب معیشیت زبوں حالی کا شکار تھی۔ میاں نواز شریف کی قیادت میں انتہائی قلیل عرصہ میں ملکی معیشت مستحکم ہوئی، مہنگائی چالیس سا ل کی کم ترین سطح پر پہنچی، پاکستان ا سٹاک مارکیٹ ایمرجنگ مارکیٹ میں شامل ہوئی۔ روپیہ مستحکم ہوا، صنعت و تجارت نے ترقی کی اور بیروزگاری و غربت میں کمی ہوئی۔ 2016میں پاکستان کی کارکردگی کی بنیاد پر گلوبل اداروں نے پاکستان کو چند سا ل کے بعد اٹھارویں بڑی معیشیت بننے کا عندیہ دیا۔ بد قسمتی سے 2017میں ایک بار پھر میاں نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کا خاتمہ کر دیا گیا اور انہیں تاحیات نااہل کرکے بیٹی مریم نواز شریف سمیت جیل میں ڈالا گیا۔ آج پوری قوم یہ بات جان چکی ہے کہ ایٹمی دھماکے ہوں یا معاشی ترقی، اس کے ثمرات سے ملک اور عوام تب تک مکمل طور پر مستفید نہیں ہو سکتے جب تک ملک میں آئین کی حکمرانی، آزاد نظام عدل، پارلیمنٹ کی بالا دستی اور حقیقی جمہوریت کا نفاذ نہ ہو۔ پچھلے چار سال میں مسلط شدہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی اور نااہلی کی وجہ سے آج دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت پاکستان غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کے شکنجے میں ہے۔ عوام بغیر کسی جنگ کے حالت جنگ جیسی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ آئیے آج عہد کریں کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک جدید اسلامی ملک بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں گے جہاں جمہوریت ہو، انصاف ہو، قانون کی حکمرانی ہو اور آئین و پارلیمنٹ کی بالا دستی ہو۔ سب اہل وطن کو یوم تکبیر اس احساس کے ساتھ مبارک ہو کہ آپ ایک محفوظ ایٹمی اسلامی ملک کے شہری ہیں ۔ اللہ کریم ہمارے ملک کی حفاظت فرمائیں۔ آمین، پاکستان پائندہ باد۔