ہائی پروفائل مقدمات میں حکومتی مداخلت کا کیس 3 جون کو سماعت کیلئے مقرر

May 31, 2022

ہائی پروفائل مقدمات میں حکومتی مداخلت سے متعلق سپریم کورٹکا ازخود نوٹس کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ 3 جو ن کو کیس کی سماعت کرے گا، دوسری سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا گیا۔

عدالت عظمیٰ نے اس معاملے میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے اور ڈائریکٹر لاء ایف آئی اے کو 3 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

تحریری حکم نامے کے ذریعے قومی احتساب بیورو (نیب) کی مشاورت کے بغیر ایگزٹ کنٹرول سے نکالے گئے 172 افراد کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ یہ بھی واضح نہیں کہ ای سی ایل رولز کی وفاقی حکومت نے منظوری دی، اگر منظوری دی گئی تو کیا ترامیم سے فائدہ اٹھانے والے افراد نے خود کو اس عمل سے الگ رکھا؟

حکم نامے میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل ان تمام سوالات سے متعلق تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔

عدالت عظمیٰ نے حکم نامے میں ایف آئی اے سے تمام ہائی پروفائل کیسز کا ریکارڈ محفوظکرنے کا کہا ہے۔

حکم نامے کے مطابق ایف آئی اے نے صرف ایک کیس کا ریکارڈ محفوظ کرنے سے متعلق عدالت کو بتایا، ڈائریکٹر لاء اور ڈی جی ایف آئی اے عدالت میں پیش ہوں۔