وسطی لندن میں ٹیوب ملازمین کی ہڑتال، مشتعل مسافروں سے نمٹنے کیلئے پولیس طلب

June 08, 2022

راچڈیل(ہارون مرزا)وسطی لندن میں ٹیوب ملازمین کی ہڑتال کے دوران مشتعل مسافروں سے نمٹنے کیلئے پولیس کو طلب کر لیا گیا، ہڑتال کی وجہ سے لاکھوں مسافروں کیلئے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ، لندن انڈر گرائونڈ انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ، سوموار کو سروس کے آغاز سے منگل کی صبح آٹھ بجے تک پورے نیٹ ورک میں شدید خلل کی وارننگ دی گئی ، اس افراتفری کی صورتحال کو ٹرانسپورٹ فار لندن کی ویب سائٹ اور ایپ نے مزید خراب کر دیا جس نے مبینہ طو رپر غلط طور پر تجویز کیا کہ کچھ سروسز ابھی بھی کام کر رہی ہیں، ہڑتال کےباعث لندن کے باشندوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں ،شہر کی سڑکوں کے نیٹ ورک پر ٹریفک میں بڑا خلل پڑا،مسافروں کی بڑی تعداد کو سڑکوں پر طویل انتظار کی زحمت اٹھانا پڑی ۔میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ یونین آر ایم ٹی کے اراکین کی وجہ سے ریل نظام کو افراتفری کی صورتحال کا سامنا رہا ، سرکاری ملازمین نے قومی ہڑتال کی کارروائی کی دھمکی بھی دی ہے جس سے بندرگاہوں، عدالتوں اور ہوائی اڈوں جیسے اہم بنیادی ڈھانچے میں بھی خلل پڑ سکتا ہے۔مسافروں نے سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ ہونےوالے مسائل کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایپ کے ذریعے ایسے راستے استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی جو واضح طو رپر کام نہیں کر رہے تھے ،اس طرح مسافروں کے مسائل میں کئی گنا اضافہ ہوا، مسافروں کا کہنا تھا کہ ہم اس مرحلے پر نہیں جانتے کہ کون سے اسٹیشن یا لائنیں ہڑتال سے متاثر ہیں۔