ترکہ کسے ملے گا؟

June 10, 2022

تفہیم المسائل

سوال: ایک شخص کا انتقال ہوا ،ورثاء میں ایک بیوہ ،متوفیٰ کی ایک خالہ ، ایک پھوپھی، ایک چچا زاد بھائی ،چار ماں شریک بھائی اور دو ماں شریک بہنیں موجود ہیں۔ اس صورت میں ترکہ کی تقسیم کس طرح ہوگی اور مذکورہ ورثاء میں سے کون کون حق دار ہوگا ؟ (محمد عمران، کراچی )

جواب: مصارف تکفین وتدفین ،میت کے ذمے اگر کسی کاقرض باقی ہے تو اسے ادا کرنا، تہائی ترکے کی حد تک تنفیذِ وصیت کے بعد بقیہ ترکہ ورثاء کے درمیان حسبِ تناسب تقسیم ہوتا ہے۔ متوفیٰ کا ترکہ 72 حصوں میں منقسم ہوگا، کُل ترکے کا چوتھائی یعنی 18حصے بیوہ کو ملیں گے۔ اخیافی(ماں شریک ) بھائی بہن ثلث کے حق دار ہیں ،سراجی میں ہے :ترجمہ:’’اخیافی (ماں شریک ) بھائی بہن کی تین حالتیں ہیں : ایک اَخیافی بہن یا اَخیافی بھائی کو ترکہ کا چھٹا حصہ ملتا ہے ،دو یا دو سے زائد اَخیافی بھائی بہن کو ترکہ کا تہائی حصہ ملتا ہے ۔ اَخیافی بھائی بہن تقسیم فرائض میں اور فرائض کا حق دار ہونے میں برابر ہیں (یعنی دونوں کو مساوی حصہ ملے گا)، (سراجی ، ص:13)‘‘۔ اس اصول کے تحت 4اَخیافی بھائی اور 2اَخیافی بہنوں کو مساوی طور پر 24 حصے (ہر ایک کو 4حصے) ملیں گے ، بقیہ 30حصے بطور عصبہ چچا زاد بھائی کو ملیں گے، خالہ اور پھوپھی محروم رہیں گی۔