پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کو 70 سال مکمل، خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری

June 15, 2022

ڈاک ٹکٹ کے اجرا کی تقریب ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ہوئی - فوٹو: جنگ

پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کردیا گیا۔

ڈاک ٹکٹ کے اجرا کی تقریب ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ہوئی، جس میں جاپان اور پاکستان کے سیاسی، سفارتی اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پوسٹ کے عہدیدار اختر حسین نے پاکستان پوسٹ کی تاریخ کے حوالے سے شرکا کو آگاہ کیا۔

بعدازاں جاپان کی وزارت خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار ہیسیبی جون (Mr Hasebe Jun) نے پاکستان اور جاپان کے دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں میں پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات قائم رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان کی جاپان میں قائم مقام سفیر عصمت سیال نے تقریب میں آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان بہترین معاشی، سیاسی اور تجارتی تعلقات قائم ہیں اور پاکستان کو جاپان کے ساتھ اپنی دوستی پر فخر ہے۔

تقریب میں پاکستانی پوسٹل ٹکٹوں کی نمائش بھی کی گئی - فوٹو: جنگ

تقریب کے آخر میں شرکا کو پاکستان اور جاپان کے تاریخی تعلقات کے حوالے سے خصوصی ڈاکیومنٹری اور پاکستان میں سیاحت کے امکانات اور خوبصورت مقامات کی ڈاکیومنٹری بھی دکھائی گئی۔

تقریب میں پاکستانی پوسٹل ٹکٹوں کی نمائش بھی کی گئی جس میں بڑی تعداد میں جاپانی و پاکستانی شریک ہوئے۔

اس تقریب میں شرکا کی پاکستانی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی، تقریب میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عاشج لقمان اور قونصلر تیمور ذوالفقار نے بھی شرکت کی۔