پیٹرول 24.3 اور ڈیزل 59.16 روپے مزید مہنگا

June 15, 2022

اتحادی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کردیا گیا۔پیٹرول 24 اور ڈیزل 59 روپے لیٹر مہنگا ملے گا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےمفتاح اسماعیل نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں 24.3 روپے اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل 39.16 روپے اور مٹی کا تیل 39.49 روپے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔

پاکستان میں رات 12 بجے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233.89 روپے، ڈیزل 263.31 روپے، مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 207.47 روپے ہوگئی ہے۔

وزیر خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مشکل فیصلے پہلے بھی کئے اب بھی کریں گے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت کو اس مد میں کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جان بوجھ کر پیٹرول کی قیمتیں کم کیں، عالمی مارکیٹ میں تیل، گندم اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہآج پیٹرول کی فی بیرل قیمت 120 ڈالر ہے، متحدہ عرب امارات میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ڈالر سے زیادہ ہے جبکہڈیزل کی قیمت اس سے بھی زیادہ ہے۔

وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہعمران خان نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کی،عمران خان نے جو معاہدے کیے ان کی وجہ سے ہمارے ہاتھ جکڑے ہوئے ہیں،80 لاکھ غریب پاکستانیوں کو ہم نے 2 ہزار روپے دے دیئے ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاجب ہم آئے تو پاکستان مہنگائی کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا ملک تھا، مشکل فیصلے کیے اور کررہے ہیں۔