محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی دنیا بھی معترف

June 21, 2022

محترمہ بے نظیر بھٹو شہید صرف پاکستان کی ہی نہیں بلکہ عالمی سیاسی رہنما تھیں۔ وہ مسلم امّہ سے بننے والی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں۔ پاکستان میں تو ان کے نام سے مختلف شاہراہیں، عمارتیں اور تعلیمی ادارے تو موجود ہیں ہی لیکن دنیا بھی ان کی سیاسی بصیرت کی معترف ہے۔

یہ ہی وجہ ہے کہ مختلف ممالک میں ان کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کی خاطر مختلف جگہوں کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا۔

ریمس فرانس کے درالحکومت پیرس سے ڈھائی سو کلو میٹر کے فاصلے پر واقع تاریخی شہر ہے، جہاں کی مقامی انتظامیہ نے محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کی جہدوجہد کے اعتراف میں تفریحی پارک کو ان کے نام سے منسوب کیا۔

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید پہلی سیاست دان ہیں جنہیں اسپین کی حکومت کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا۔ اسپینش حکام نے انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بارسلونا کی ایک سڑک کو بےنظیر بھٹو سے منسوب کیا ہے۔

اس کے علاوہ برطانیہ کی تاریخی آکسفورڈ یونیورسٹی سے پاکستانی سیاسی تاریخ کے پانچ وزیر اعظموں نے تعلیم حاصل کی۔ لیکن بے نظیر بھٹو شہید واحد سیاست دان ہیں جن کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں تقریباً 20تصاویر آویزاں ہیں۔

خیال رہے کہ محترمہ بےنظیر بھٹو شہید 21 جون 1953 میں پیدا ہوئیں تھیں۔ جب کہ پہلی مرتبہ 1988 میں اور دوسری مرتبہ 1993 میں پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئی تھیں۔

محترمہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے تاریخی مقام لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کے بعد اس وقت شہید کر دیا گیا تھا۔

جیل سے ذوالفقار بھٹو کا ’پنکی‘ کی سالگرہ پر خط