پیرس: پی پی پی شعبہ خواتین کی نو منتخب عہدیداران کا اعلان

April 23, 2024

جنگ فوٹو

پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین فرانس کے زیر اہتمام شاعر مشرق مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کی 86 ویں برسی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی جبکہنو منتخب عہداران کا اعلان بھی کردیا گیا۔

‎اس پروگرام کی صدارت پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین فرانس کی صدر روحی بانو نے کی جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ، صدر پاکستان پیپلزپارٹی یورپ تھے۔

تقریب میں پیرس کی معروف سیاسی سماجی اور ادبی شخصیات کے ساتھ خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

سورہ یٰس اور تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ تلاوت قرآن پاک کی سعادت پارٹی کی نائب صدر محترمہ سارہ کرن کو حاصل ہوئی۔

‎معروف شاعرہ، مصنفہ اور کالم نویس راہ ادب کی صدر محترمہ ممتاز ملک نے رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیا۔ ‎دھیمے خوبصورت لب و لہجہ کی شاعرہ اور کالم نگار محترمہ شمیم خان نے علامہ اقبال کی شاعری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

‎پریس کلب خواتین فرانس کی جنرل سیکرٹری اوورسیز فائل انٹرنیشنل فرانس اور مقامی آن لائن کی چیف ایڈیٹر محترمہ ناصرہ خان نے بہت خوبصورت اور جامع انداز میں روحی بانو کی فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کی بے لوث خدمات کو سراہا۔

انہون نے کہا کہ اللہ تعالی انہیںمزید ہمت اور طاقت عطا فرمائے تاکہ یہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے کام اور ایسے خوبصورت پروگراموں کا انقاد کرتی رہیں۔

‎معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور پریس خواتین فرانس کی صدر محترمہ آصفہ ہاشمی نے علامہ اقبال کی شاعری کو سراہا اور ساتھ ہی روحی بانو کا شکریہ بھی ادا کیا، کہ ان کی وجہ سے ایسے پروگراموں سے رابطے استوار ہوتے ہیں۔

‎معروف فیشن ڈیزائنر نیناں خان، سارہ کرن اور ممتاز ملک نے بھی علامہ اقبال کی شاعری کو خراج تحسین پیش کیا۔

دریں اثنا ‎علامہ اقبال کے ایصال ثواب کے لیے فاتخہ خوانی بھی کروائی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کی خوشحالی و استحکام، فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے خاص دعا بھی کی گئی۔

اس تقریب میں پاکستان پیپلزپارٹی کی شعبہ خواتین فرانس کی صدر روحی بانو نے نو منتخب عہداران کا اعلان بھی کیا۔ جس کے مطابق روحی بانو (صدر)، سارہ کرن (جنرل سیکرٹری)، فرحت عاشق (سینیئر نائب صدر)، فردوس شفقت (جوائنٹ سیکرٹری)، شبانہ احمد (نائب صدر)، فرخ ناز (نائب صدر) اور حمیرا عمران (نائب صدر) نامزد کی گئیں۔

اس موقع پر نامزد عہداران نے پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور پر عمل کرنے اور وفا داری نبھانے کا عہد کیا۔

‎مہمان خصوصی ڈاکٹر ارشاد علی کمبوہ نے پاکستان زندہ باد کا تعرہ بلند کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے یہ غریبوں کی آواز اور شخصی آزادی کا نام ہے۔ ‎ہم ان شاء اللہ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گئے اور پاکستان کو مضبوط خوشحال اور پرامن بنانے کے جدو جہد جاری و ساری رکھیں گے۔