میراڈونا کی موت: طبی عملے کے 8 افراد پر مجرمانہ غفلت کا مقدمہ چلے گا

June 23, 2022

فوٹو: فائل

ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی موت میں مجرمانہ غفلت کے الزام میں طبی عملے کے 8 افراد پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

فٹبال لیجنڈ میراڈونا گزشتہ سال نومبر میں بیونس آئرس میں دل کا دورہ پڑنے سے 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

ان کی موت کے چند دن بعد ارجنٹائن کے استغاثہ نے ان کی دیکھ بھال کرنے والوں میں شامل ڈاکٹرز اور نرسز کے خلاف تحقیقات شروع کیں۔

میراڈونا کی موت کا جائزہ لینے کے لیے مقرر کیے گئے 20 ماہرین کے پینل نے پایا کہ میراڈونا کی میڈیکل ٹیم نے ’نامناسب، ناقص اور لاپرواہ طریقے سے‘ کام کیا۔

اس نے یہ نتیجہ بھی اخذ کیا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق اگر مناسب طبی سہولت ہوتی تو فٹبالر کے پاس ’بچنے کا بہترین موقع ہوتا‘۔

الزامات کا سامنا کرنے والوں میں میراڈونا کے نیورو سرجن اور ذاتی ڈاکٹر لیوپولڈو لوک، ایک ماہر نفسیات، دو ڈاکٹرز، دو نرسز اور ایک ان کا باس شامل ہیں۔

ان تمام افراد نے میراڈونا کی موت کی ذمہ داری لینے سے انکار کردیا۔

ارجنٹائن کے پینل کوڈ کے مطابق اس جرم میں 8 سے 25 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ مقدمے کی تاریخ کا تعین ہونا ابھی باقی ہے۔