فلم میں گانا شامل کرنے سے متعلق ورون دھون کا ابرارالحق کیلئے پیغام

June 23, 2022

فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے معروف اداکار ورون دھون نے اپنی فلم ’جُگ جُگ جیو‘ میں ابرار الحق کا گانا شامل کرنے سے متعلق اپنا موقف پیش کردیا۔

پاکستان کے معروف گلوکار ابرارالحق کا مشہور گانا ’نچ پنجابن‘ بھارتی فلم جُگ جُگ جیو میں کاپی کیا گیا، جس پر گلوکار نے فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ابرارالحق کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ میں نے کسی بھی بھارتی فلم کو اپنے گانے کے حقوق فروخت نہیں کیے۔

جس کے بعد کرن جوہر نے مقبول گانے ’نچ پنجابن‘ کی چوری تسلیم کرتے ہوئے کریڈٹس میں ابرارالحق کا نام شامل کردیا تھا۔

بعدازاں 23 مئی کو T-Series کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ کمپنی نے ’نچ پنجابن‘ گانے کے حقوق یکم جنوری 2022 کو قانونی طور پر حاصل کیے اور یہ لالی ووڈ کلاسکس کے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہے جو پنجابی گانوں کو محفوظ کرنے والی کمپنی 1Moviebox کی ملکیت ہے۔

تاہم اب بھارتی اداکار ورون دھون نے پاکستانی گلوکار ابرار الحق کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کی تعریف بھی کی ہے۔

ایک انٹرویو میں ورون دھون نے کہا کہ فلم کی میوزک کمپنی ٹی سیریز ان کے اوریجنل گانے کے حقوق خرید چکی ہے۔

اس حوالے سے ورون دھون نے کہا کہ ’میں ابرارالحق کو یہی کہنا چاہوں گا کہ انہوں نے اورینجل گانا بہت بہترین گایا، جو ہمیں بہت اچھا لگا اور ان کے گانے کے حقوق ہماری فلم کی کمپنی نے خرید لیے ہیں، جبکہ یہ گانا کافی اچھا چل رہا ہے، شکریہ ابرار۔‘