• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راحت فتح علی خان کی بیٹی کی شادی اور رخصتی کب ہوگی؟

— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

عالمی شہرت یافتہ گائیک، پاکستان کے نامور گلوکار استاد راحت فتح علی خان کے گھر خوشیوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں، ان  کی بیٹی ماہین خان کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز روایتی انداز میں مایوں کی تقریب سے ہوگیا۔

 یہ خُوبصورت تقریب لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں قریبی رشتے داروں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ 

تقریب کا ماحول محبت، خاندانی قربت اور ثقافتی روایات سے بھرپور تھا، جس نے شائقین موسیقی کو استاد راحت فتح علی خان کی ذاتی زندگی کی ایک نایاب جھلک دکھائی دی۔ 

ماہین خان اپنی زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر مرکزِ نگاہ رہیں، جبکہ ان کے ہونے والے شوہر شایان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دونوں کے درمیان محبت اور ہم آہنگی تقریب کے دوران نمایاں نظر آئی۔

مایوں کے موقع پر ماہین نے خُوبصورت سنہری لہنگا زیب تن کیا، جس میں وہ نہایت دلکش دکھائی دیں، جبکہ شایان نے بھی روایتی لباس میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ یہ جوڑا روایت، محبت اور خوشی کی علامت بن کر ابھرا۔ 

واضح رہے کہ فتح علی خان گھرانے سے تعلق رکھنے والے استاد راحت فتح علی خان گزشتہ تین دہائیوں سے موسیقی کی دنیا میں اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔ انہوں نے کئی بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کیے۔ 

بیٹی کی شادی کے موقع پر وہ اسٹیج سے ہٹ کر ایک محبت کرنے والے والد کے روپ میں نظر آئے۔ خاندان کی جانب سے مایوں کی خُوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں تو وائرل ہوگئیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بےحد پسند کیا جا رہا ہے۔ 

شوبز شخصیات اور چاہنے والوں نے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں، دعاؤں اور مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔ ماہین خان کی شادی کی تقریب اور رخصتی 26 دسمبر کو ہوگی، جس میں شہرت یافتہ فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید