بالی ووڈ کی معروف ڈانسر اور اداکارہ نورا فتحی ممبئی میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں بال بال بچ گئیں، حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ عالمی شہرت یافتہ امریکی ڈی جے ڈیوڈ گوئٹا کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتحی اپنی ٹیم کے ہمراہ سن برن فیسٹیول میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں کہ ایک نشے میں دھت ڈرائیور نے ان کی گاڑی کو زوردار ٹکر مار دی، حادثہ اتنا شدید تھا کہ نورا کے سر میں چوٹ آئی۔
انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اندرونی خون بہنے کے خطرے کو مسترد کرنے کے لیے فوری ان کا سی ٹی اسکین کیا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ گاڑی کو ٹکر کے نتیجے میں نورا فتحی کو کنکشن ہوا ہے۔
حیران کن طور پر ڈاکٹروں کی جانب سے آرام کے مشورے کے باوجود نورا فتحی اسپتال سے فارغ ہوتے ہی سیدھا کنسرٹ میں پہنچیں اور سن برن 2025ء میں پرفارم کیا، مداحوں نے ان کے اس جذبے کو بھرپور طریقے سے سراہا ہے۔
حادثے کے بعد نورا فتحی کی گاڑی کی تصویر بھی سامنے آئی ہے، جس سے ٹکر کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نورا فتحی کا یہ سال عالمی سطح پر انتہائی کامیاب رہا ہے، حال ہی میں انہوں نے امریکا کے مشہور ’دی جمی فالن شو‘ میں اپنی پرفارمنس سے دھوم مچائی ہے۔
اداکاری کے محاذ پر نورا فتحی نے جنوبی بھارت کی ہارر فلم ’کنچنا 4‘ اور ’کے ڈی: دی ڈیول‘ کے ذریعے قدم جمائے ہیں جبکہ حال ہی میں ان کی ویب سیریز ’دی رائلز‘ بھی منظرِ عام پر آئی ہے۔