ریلوے تنظیمیں لوگوں کو نقصان پہنچارہی ہیں، بورس جانسن

June 24, 2022

لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ریلوے ملازمین کی تنظیمیں لوگوں کو نقصان پہنچارہی ہیں اور ملک بھر میں کاروبار، نظام زندگی اور عام افراد شدید متاثر ہو رہے ہیں دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق برطانوی سرکاری ملازمتوں میں افرادی قوت کی قلت ایک بحران بن چکی ہے جس کی وجہ سے عام ملازم پر غیرمعمولی دباؤ ہے پھر کوویڈ، بریگزٹ کے بعد کی صورتحال اور سپلائی چین متاثر ہونے سے برطانوی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہےبرطانیہ سیاحت سے سالانہ ایک ارب پونڈ رقم کماتا ہے اور ریلوے ہڑتال سے اسے بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ برطانیہ کی30سالہ تاریخ میں سب سے بڑی ریلوے ہڑتال سے ملک کا پہیہ رک گیا ہے اور لوگ اپنے گھروں تک محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ 15000کلومیٹر طویل پٹڑیاں اب ریل گاڑیوں سے خالی ہوچکی ہیں۔ ہڑتالیوں نے کام کی بہتر فضا، تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مراعات کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں مہنگائی کی شرح 10فیصد تک پہنچنے سے غذا اور ایندھن کی قلت ہے جب کہ تنخواہیں مہنگائی میں اضافے کے باوجود اب بھی 2006کے درجے پر ہیں۔ برطانوی ریل، میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ (آرایم ٹی) ورکرز یونین کے سربراہ مِک لنچ نے کہا کہ پنشن، تنخواہوں اور ملازمتوں سے بے دخلی کے تناظر میں ان کے پاس ہڑتال کے علاوہ کوئی اور چارہ نہیں تھا، انہوں نے ہڑتال کے مزید طویل دورانیے سے بھی خبردار کیا۔