ایک ہفتے میں 32 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ

June 24, 2022

ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں ایک فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔

اس حوالے سے ادارہ شماریات نے بتایا کہ ملک میں مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 28.05 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 32 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جس میں چنے کی دال کی قیمت میں 16 روپے فی کلو اضافہ ہوا اور اس کی فی کلو قیمت 214 روپے 40 پیسے ہوگئی۔

آلو کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 13 پیسے اضافہ ہوا۔ اسی طرح گھی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے 78 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی اوسط فی کلو قیمت 574 روپے 68 پیسے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران پیاز 4 روپے 9 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ دال مسور 10 روپے 32 پیسے مہنگی ہوکر فی کلو قیمت 288 روپے 13 پیسے ہوگئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق دال ماش 12 روپے 77 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی اور اس کی فی کلو قیمت 311 روپے 94 پیسے فی کلو ہو گئی۔ دال مونگ 9 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

گائے کا گوشت فی کلو 9 روپے 75 پیسے جبکہ بکرے کا گوشت 14 روپے 73 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 24 روپے 89 پیسے اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ چینی، تازہ دودھ، دہی اور لہسن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان میں ٹماٹر 7 روپے 24 پیسے فی کلو سستا ہوا۔

زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 84 پیسے کی کمی ہوئی۔ کیلے اور سرسوں کے تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 15 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔