ملکہ کو ریاست کا سربراہ رکھنا ہے یا نہیں، خود طے کرلیں، شہزادہ چارلس

June 24, 2022

شہزادہ چارلس کا دولت مشترکہ سمٹ سے خطاب کے دوران ایک انداز

برطانیہ کے شہزادہ چارلس نے دولت مشترکہ میں شامل ممالک کے رہنماؤں سے کہا ہے کہ ملکہ برطانیہ کو اپنی ریاست کا سربراہ برقرار رکھنے سے متعلق ہر رکن ملک خود فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہے۔

شہزادہ چارلس نے یہ بات افریقی ملک روانڈا میں ہونے والی دولت مشترکہ ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم کی سمٹ کی افتتاحی تقریب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ بنیادی تبدیلیاں بہت سکون کے ساتھ بغیر کسی تلخی کے عمل میں لائی جاسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ افریقی ملک بارباڈوس نے پچھلے سال نومبر میں تاریخی اقدام کرتے ہوئے ملکہ برطانیہ کی ریاست کے سربراہ کی حیثیت تبدیل کردی تھی۔

بارباڈوس نے نومبر 2021 میں ملک کے پہلے صدارتی انتخاب کے دوران اپنے صدر کا چناؤ کیا تھا، اس تقریب میں شہزادہ چارلس نے بھی شرکت کی تھی۔

شہزادہ چارلس دولت مشترکہ میں شامل ممالک کے سربراہان کی سمٹ میں ملکہ برطانیہ کی نمائندگی کے لیے موجود ہیں۔

افتتاحی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران شہزادہ چارلس نے کہا کہ میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ ہر رکن ملک اپنے ملک کے آئینی انتظام کا فیصلہ کرسکتا ہے۔

چاہے دولت مشترکہ کا کوئی رکن ملک بحیثیت جمہوری ریاست آئینی معاملات چلانا چاہے یا شاہی نظام کے تحت، وہ یہ فیصلہ خود کرسکتا ہے۔