• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فوجیوں کو شرائط کیساتھ انسٹاگرام استعمال کرنے کی اجازت

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

بھارتی فوج نے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق اپنی پالیسی میں تبدیلی کردی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اب فوجی اہلکار اور افسران انسٹاگرام استعمال کر سکیں گے لیکن صرف دیکھنے کی حد تک، فوجی اہلکاروں کے لیے انسٹاگرام پر کوئی پوسٹ پبلش، لائیک یا کمنٹ کرنے پر پابندی ہوگی جبکہ ڈیجیٹل سرگرمیوں سے متعلق تمام پرانے قواعد بھی بدستور نافذ رہیں گے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ ہدایات فوج کے تمام یونٹس اور محکموں کو جاری کی گئی ہیں۔ ان کا مقصد ہے کہ فوجی اہلکار سوشل میڈیا پر موجود مواد کو دیکھ سکیں، حالات سے باخبر رہیں اور معلومات اکٹھی کر سکیں۔ 

اس کے علاوہ اگر کسی کو جعلی یا گمراہ کن پوسٹ نظر آئے تو وہ اس کی اطلاع اپنے سینئر افسران کو بھی دے سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارتی فوجیوں کے لیے اس پلیٹ فارم کے استعمال پر پہلے سخت پابندیاں عائد تھیں۔

یہ سخت قواعد اس لیے بنائے گئے تھے کہ ماضی میں کچھ بھارتی فوجی اہلکار غیر ملکی ایجنسیوں کے ہنی ٹریپس کا شکار ہوئے تھے جس کے نتیجے میں حساس معلومات کے لیک ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے تھے۔ 

سال 2019ء تک بھارتی فوجی اہلکاروں کو کسی بھی سوشل میڈیا گروپ کا حصہ بننے کی اجازت نہیں تھی۔ 

2020 میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے کئی واقعات سامنے آنے کے بعد فوج نے قواعد مزید سخت کر دیے تھے اور اہلکاروں کو فیس بک اور انسٹاگرام سمیت 89 موبائل ایپس ڈیلیٹ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید